مہنگی پٹرولیم مصنوعات سے عوام کو چھٹکارا دلایا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل سے عوام ذہنی مریض بنتی جا رہی ہے’ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خوف نے ان کی نیندیں حرام کر دی ہیں’ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ عوام کو اس غیریقینی صورتحال سے نجات دلائی جائے اور مہنگی پیٹرولیم مصنوعات سے عوام کو چھٹکارا دلایا جائے’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد الیکٹرونکس انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس کے شرکاء سے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمود احمد’ صدر چوہدری شکور گجر’ چیئرمین حاجی عبداللہ’ فنانس سیکرٹری مرزا امجد کمال’ ملک انوارالحق و دیگر مقررین نے کیا’ مقررین نے کہا کہ عوام کا معاشی قتل فوری بندکیا کرے’ حکومت بجلی و گیس اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہونے والے بار بار اضافے کو بریک لگائے کیونکہ کمر توڑ مہنگائی نے عام آدمی اور تاجر برادری کا ستیا ناس کر دیا ہے’ حکومت غریبوں کو معاشی طور پر زندہ درگور کر رہی ہے’ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کے لیے ہنگامی اور موثر اقدامات کرے’ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جس سے عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، مایوسیوں اور محرومیوں کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ عوامی فلاح کو ترجیح دی جائے، بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لائی جائے اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے خصوصی ریلیف پیکج متعارف کرائے جائیں’ مقررین نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی کے اس دور میں کاروبار کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے’ چونکہ ہم انسٹالمنٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں’ ہمارے کسٹمرز کی زیادہ تعداد غریب اور متوسط طبقے سے ہے جو اس وقت مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں’ ان کی قوت خرید ناہونے کے برابر ہے’ ان لوگوں کی قوت خرید میں کمی کی وجہ سے انسٹالمنٹ کا کاروبار مشکلات سے دوچار ہے’ مالکان دکانوں کا کرایہ’ یوٹیلٹی بلز ادا کرنے سے قاصر ہو گئے ہیں’ اگر یہی صورتحال رہی تو ہم بھی دکانیں بند کر کے گھروں میں بیٹھ جائیں گے جس کا نتیجہ بیروزگاری کی صورت میں نکلے گا’ جب نوجوان بیروزگار ہوں گے تو وہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں کریں گے جس سے معاشرے کا پورا نظام درہم برہم ہو جائے گا’ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ خدارا ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا’ حالات آپ کے قابو میں ہیں’ غریب عوام پر رحم کھائیں اور شارٹ ٹرم پالیسیاں بنا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچائیں تاکہ مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام سکھ کا سانس لے سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں