فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر چوہدری میمون حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رجانہ فارسٹ اور وائلڈ لائف پارک، جو کبھی پنجا ب کی قدرتی خوبصورتی، جنگلی حیات اور سیاحت کا اہم مرکز تھا، ناقص منصوبہ بندی اور عدم توجہی کے باعث زبوں حالی کی تصویر بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس نا ک امر یہ ہے کہ جب مقامی عوام، سماجی حلقوں اور نوجوانوں نے رجانہ فارسٹ کی بحالی کے لیے آواز بلند کی تو بحالی کے جامع اقدامات کے بجائے پارک کی بندش کی اطلاعات سامنے آئیں اور جانوروں کو دیگر شہروں میں منتقل کر دیا گیا۔ عوام کا مطالبہ تھا کہ اس قومی ورثے کو محفوظ بنایا جائے، نہ کہ اسے مزید غیر فعال کیا جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ رجانہ فارسٹ اور وائلڈ لائف پارک کی موجودہ صورتحال پر ایک شفاف انکوائری کرائی جائے، اس کی زبوں حالی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جائیں، اور عوام کو واضح ٹائم لائن دی جائے۔ اگر منتقل کیے گئے جانوروں کی واپسی ممکن ہو تو اس کے لیے بھی موثر منصوبہ بنایا جائے۔رجانہ فارسٹ صرف رجانہ یا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پنجاب کے قدرتی ورثے کا حصہ ہے، جس کا تحفظ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔آخر میں چوہدری میمون حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب، محکمہ جنگلات، محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور اپیل کی کہ رجانہ فارسٹ کی بحالی کے لیے فوری، سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ قومی اثاثہ دوبارہ اپنی اصل شناخت حاصل کر سکے اور آنے والی نسلیں بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔




