ٹرمپ کی مکہ دفاعی معاہدے کی حمایت،وزیراعظم شہباز شریف کا حوصلہ افزائی پر امریکی صدر کا شکریہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔اپنے سوشل میڈیا پیغام میں امریکیصدر نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط خوش آئند ہیں، تینوں ممالک کا یہ معاہدہ ایک اہم جرات مندانہ قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے خطے کے دیگر ممالک کے درمیان تعاون بڑھے گا، تینوں ممالک اپنے دفاع کیلئے زیادہ موثر انداز میں ایک دوسرے کا ساتھ دے سکیں گے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ معاہدے مشرقِ وسطی میں اتحاد اور باہمی تعاون کی جانب بہت بڑا اور پہلا اہم قدم ہے، امریکی صدر نے مکہ معاہدے پر سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد بھی دی۔دریں ثناء ۔اسلام آباد(بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے اور حوصلہ افزا کلمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان برادر ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے دفاع کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، جس نے جنوبی ایشیا میں ایک جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار امن ہمارے عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں