ٹوبہ کے2دیہاتوں کو مثالی گاؤں بنانے کیلئے اقدامات تیز

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دو دیہاتوں کو ”مثالی گائوں” بنانے کیلئے اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں جس کی بدولت دیہاتی بھی شہری سہولیات سے مستفید ہونگے اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب شعیب مرزا،سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ/ پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شاہد زمان لک اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کے ہمراہ چک325ج۔ب اور چک 509گ۔ب میں مثالی گائوں منصوبہ پر بریفنگ اور دیہاتوں میں جاکر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا۔کمشنر فیصل آباد نے متعلقہ محکموں اور ٹھیکدار کی موجودگی میں خود پراجیکٹس کی ٹائم لائن طے کرتے ہوئے دستخط لئے اور کہا کہ مقررہ ٹائم لائن پر عملدرآمد ناگزیر ہے جس میں ایک دن کی بھی تاخیر کی گنجائش نہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ ہفتہ وار پراگریس کا جائزہ لیں اور فوری ہونے والے کاموں کو مکمل کرایا جائے۔کمشنر نے دیہاتوں میں بجلی کے پولز نصب کراکر لائٹس فی الفور چالو کرانے کی تاکید کی۔انہوں نے واضح پیغام دیا کہ تعمیراتی عمل میں شفافیت پر زیروٹالرنس ہے اور اگر کسی جگہ ناقص میٹریل کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ افسران جوابدہ ہونگے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔کمشنر نے چک 325ج۔ب کے دیہات میں مثالی گائوں بمعہ سہولیات پر مبنی بورڈ نمایاں طور پر آویزاں کرنے اور گائوں کے افراد سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ذمہ داری سونپی ہے تاکہ دیہی علاقوں کے عوام کو جلد از جلد جدید بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔منصوبے کے تحت دیہات میں صاف پانی کی فراہمی، جدید ڈرینیج سسٹم، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، بچوں کے لیے جدید پارکس، سٹریٹ لائٹس، گلیوں اور سڑکوں کی پختگی سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گیجن کا مقصد دیہی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔شعیب مرزا نے کہا کہ مثالی دیہات منصوبہ کے تحت جدید بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی جس سے دیہی علاقوں میں معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر اہل دیہہ بھی جمع ہوگئے جنہوں نے دیہاتوں کو مثالی بنانے کے منصوبہ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے اور تالیاں بجاکر داد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں