فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عوامی جسٹس پارٹی کے مرکزی صدر مہر غلام مصطفی منگن ایڈووکیٹ نے پٹرول کی قیمت میں 35پیسے کمی کے بعد5روپے اضافے کوڈرامہ قرار د یتے ہوئے سخت ردعمل کااظہار کیاہے۔ انکاکہناتھاکہ عوام مہنگائی سے پہلے ہی زندہ درگور ہوچکے ہیں حکومت کی طرف سے ریلیف نہیں تکلیف ہی دی جارہی ہے۔ غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں اوران میں قوت خرید نہیں رہی، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے اثرات منتقل نہیں کئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوتا ہے، حکومت سیکنڈوں میں بھاری اضافہ کر دیتی ہے، لیکن جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوتی ہیں تو تاخیر سے صرف چند روپے کم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت روزمرہ کی تمام اشیا مہنگی ہوں گی۔




