جڑانوالہ(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کی قیادت میں پیرا فورس نے بوٹے والی جھال پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن ریٹائرڈ ناصر ندیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کی قیادت میں پیرا فورس نے بوٹے والی جھال کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا ہے۔ آپریشن کے دوران سڑک کے دونوں اطراف قائم غیر قانونی قائم تھڑوں،شیڈز اور عارضی تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔آپریشن کے دوران درجنوں غیر قانونی دکانوں کے باہر پڑے سامان اور ریڑھیوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بوٹے والی جھال پر تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی تھی، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا تھا۔پیرا فورس کے عملے نے دکانداروں کو سخت وارننگ دی کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی صورت میں بھاری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے سڑکیں کشادہ ہوں گی اور روزمرہ کے ٹریفک جام سے نجات ملے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ کسی کو بھی سرکاری زمین یا عوامی راستوں پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔




