ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کا دورہ الائیڈ ہسپتال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے مشن پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے الائیڈ ہسپتال ون کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ادویات کی ہسپتال سے دستیابی کی تصدیق بھی کی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ڈیوٹی پر موجودگی بھی چیک کی اور غیر حاضری یا غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیسن سٹور کا بھی دورہ کیا جہاں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں