ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے تحصیل گوجرہ کا پہلا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مون سون انتظامات، صفائی ستھرائی، میونسپل سروسز اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر علی اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسپوزل اسٹیشن، مون سون ایمرجنسی کیمپ اور شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرہ کے پانچ حساس مقامات پر بارش سے قبل ہی مشینری تعینات کر دی گئی ہے، جس سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران تمام مشینری اور عملہ مکمل الرٹ رہے اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب اسٹیشن، کبوتروں والے قبرستان، جنرل بس اسٹینڈ، علی اصغر پارک، فیملی پارک اور جناح پارک میں جاری صفائی، بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں اعلی معیار برقرار رکھنے، صفائی کے انتظامات مزید مثر بنانے اور عوامی سہولیات کی بروقت فراہمی کی ہدایت کی۔بعد ازاں میونسپل کمیٹی گوجرہ میں اجلاس کے دوران شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور میونسپل سروسز کا جائزہ لیا گیا جبکہ انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات میں شہری مسائل اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون انتظامات، صفائی، نکاسی آب اور ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو بروقت اور بہترین سہولیات فراہم کی جا سکی۔




