اسلام آباد (بیورو چیف)حکومت کے کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت ملک میں ڈیجیٹل مالی لین دین میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جاری اعلامئے کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں میں فعال مرچنٹس کی تعداد 5لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ،اسی طرح ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد بھی بڑھ کر 13کروڑ 50 لاکھ سے زائد اور مجموعی طور پر سالانہ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی تعداد 6.9 ارب سے بڑھ کر 11.3 ارب تک پہنچ گئی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کیش لیس پاکستان اقدام کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ دسمبر 2026 تک 25 وفاقی اور صوبائی اداروں کو راست نظام کے ذریعے مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ سرکاری اداروں میں تقریبا 75فیصد ادائیگیوں کی ڈیجیٹل وصولی ممکن ہو چکی ہے، شفافیت کو یقینی بنانے اور ڈیٹا کی نقل کے خاتمے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت جدید، شفاف اور موثر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔




