لاہور (بیوروچیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے لئے عوام کا اعتماد ضروری ہے،بلدیاتی انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی پوری طرح تیار ہے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے، پیپلزپارٹی کے کارکن ہمارا حقیقی سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سیکرٹریٹ آمد کے دوران پیپلز پارٹی کے سینئر رہمنا ؤ ں فریال تالپور، راجہ پرویزاشرف،نیئربخاری اور حسن مرتضی سمیت عہدیداروں اور جیالوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنرپنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ بی بی فریال تالپورکی لاہور آمد سے کارکن زیادہ جوش و جذبے سے گلی گلی محلے محلے جاکر پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے۔پارٹی قیادت کا لاہور آنا کارکنوں کے لیے نئی روح پھونکنے کے مترادف ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی لاہور میں پہلے سے زیادہ عوام میں مقبول اور مضبوط ہورہی ہے۔بلدیاتی انتخابات کے لیے پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدیدار بھرپور طریقے سے تیار ہیں۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ عوام کو بر وقت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی انتخابات کا ہونا بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا کہ نئے صوبے تب بن سکتے ہیں جب وہاں کے رہنے والے عوام خود چاہیں کہ نیا صوبہ بننا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے ایک صوبے کے لیے دو مرتبہ قراراداد منظورہوچکی ہے،پہلے اس پرتجربہ کرلیاجائے اور صوبہ بنالیاجائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک دفعہ آپ صوبے بنادیں اس کے بعد آپ صوبے ختم کرناچاہیں وہ نہیں ہوسکتا۔اُنہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے باہمی مشاورت کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی پوچھنے کی ضرورت ہے۔




