گلستان کالونی میں سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچادی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گلستان کالونی اکبر چوک’ جی بلاک میں سیوریج سسٹم کی خرابیوں نے لوگوں کا ناک میں دم کر دیا، جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بن گئے، لوگوں کا نماز کی ادائیگی کے لیے مساجد میں جانا بھی سخت مشکل بن گیا، مچھروں کی بہتات’ وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ’ ایم ڈی واسا صورتحال کا فوری نوٹس لیکر مسئلہ حل کروائیں، اہل علاقہ کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق گلستان کالونی کے علاقہ جی بلاک’ اکبر چوک میں سیوریج کے اوورفلو ہونے سے گندے پانی نے جوہڑوں کی شکل اختیار کر لی ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، گندے پانی کے جوہڑوں سے اٹھنے والے تعفن اور مچھروں کی بہتات کے باعث لوگوں کے موذی امراض میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے اور صورتحال اس قدر ابتر ہو چکی ہے کہ لوگوں کے لیے نمازوں کی ادائیگی کے لیے مساجد میں جانا بھی سخت مشکل بن گیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایم ڈی واسا اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور سیوریج سسٹم کی بہتری’ گٹروں کی صفائی ستھرائی اور گندے پانی کی نکاسی کیلئے فوری طور پر بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات حل ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں