ٹریفک مسائل تاجر برادری کی مشاورت سے حل کرینگے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)عشرہ محرم الحرام میں آٹھ بازاروں میں ٹریفک کے مسائل تاجر برادری کی مشاورت سے حل کریں گے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر بھی نہ ہوں اور سکیورٹی کے تقاضے بھی پورے کئے جا سکیں’ ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ٹریفک سٹی محترمہ ارم ناز نے گول کریانہ بازار میں سپریم انجمن تاجران کے آفس کے دورے کے موقع پر کیا’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین سابق ایم این اے میاں عبدالمنان’ صدر الحاج اسلم بھلی’ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ گول کریانہ کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل’ ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ’ افغان چوک کچہری بازار کے جنرل سیکرٹری مرزا محمد اعظم’ کارخانہ بازار کے صدر میاں اختر محمود کے علاوہ دیگر تاجر رہنما اور ٹریفک افسران موجود تھے’ ڈی ایس پی ٹریفک سٹی محترمہ ارم ناز نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں ہم اپنے افسران کے حکم کے پابند ہوتے ہیں اس کے باوجود بھی ہم تاجروں اور دکانداروں کو ریلیف دیں گے’ خاص طور پر آٹھ بازاروں کے رہائشیوں کی نقل و حرکت کا خصوصی خیال رکھا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین سابق ایم این اے میاں عبدالمنان’ صدر الحاج اسلم بھلی’ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد و دیگر مقررین نے ڈی ایس پی ٹریفک ارم ناز کی توجہ ٹریفک کے پوشیدہ نقائص کی طرف دلائی جو اب بھی حل طلب ہیں’ انہوں نے کہا کہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ میں کوئی ریکاوٹ نہ ڈالی جائے’ بزرگ شہریوں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دی جائے اور موٹرسائیکل کی انٹری یقینی بنائی جائے’ اس کے علاوہ چالانوں کی شرح کو کم سے کم کیا جائے کیونکہ اس قدر مہنگائی کے دور میں لوگ دو وقت کی روٹی کی ترس رہے ہیں اگر موٹرسائیکل سوار کا دو ہزار روپے کا چالان ہوتا ہے تو وہ مزید تنگدستی کی حالت میں چلا جائے گا’ڈی ایس پی ٹریفک محترمہ ارم ناز نے سپریم انجمن تاجران کے عہدیداروں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کو عملی جامہ پہنائے جانے کا عندیہ دیا تاکہ ٹریفک کے مسائل کی شرح کو کم سے کم سطح پر لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں