8بازاروں کے تاجروں کیساتھ سرکاری محکموں کا سلوک ناقابل برداشت ہے،اسلم بھلی،عبدالمنان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاجروں کو درپیش مسائل سے متعلق سپریم انجمن تاجران کا اجلاس صدر حاجی محمد اسلم بھلی کی صدارت میں ہوا’اجلاس کی مہمان خصوصی فیصل آباد میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ عظمت فردوس تھیں’ اجلاس میں سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین سابق ایم این اے میاں عبدالمنا ن’ جنرل سیکرٹری حاجی رانا ایوب منج’ چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد’ انجمن تاجران چنیوٹ کے صدر جمیل فخری’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ گول کریانہ کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل’ کلاتھ بورڈ فیصل آباد کے صدر سلطان بٹ’ چیف آرگنائرشیخ ارسلان اچھی’ کارخانہ بازار کے صدر میاں اختر محمود’ افغان چوک کچہری بازار کے صدر عبدالرحمن مانی’ حرم کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری شیخ نعیم حبیب کے علاوہ حامد سلطانی’ وحید ملتانی’ شیخ ظہور و دیگر تاجر رہنمائوں نے شرکت کی ‘ اجلاس میں میاں عبدالمنان’ حاجی اسلم بھلی’ رانا ایوب منج’ حاجی عابد و دیگر رہنمائوں نے فیصل آباد میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ عظمت فردوس سے مطالبہ کیا کہ آٹھ بازاروں میں گاڑیوں کو آنے دیں’ کسٹمر کو اتاریں اور واپس چلی جائیں جب کسٹمر خریداری کر لے تو اپنے ڈرائیو کو مطلع کر کے گاڑی منگوائے اور روانہ ہو جائے’ گاڑی کو پارکنگ کی اجازت نہ دی جائے’ اس کے علاوہ موٹرسائیکل کودکانوں کے سامنے سے نہ اٹھایا جائے’ کسٹمر اپنی بائیکل اٹھائے جانے کے ڈر سے دکان کے اندر ہی نہیں جاتا’ اگر کوئی موٹرسائیکل بے ترتیب پارک کی ہوئی ہے اسے بے شک اٹھا لیں’ انہوں نے کہا کہ پارکنگ والوں میں ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے’ ایک گاڑی کا 200 روپے وصول کر رہے ہیں’ایک ماہ کا 6000 روپے ہماری جیبوں سے نکالا جا رہا ہے یہ ظلم ہے’ مقررین نے مہمان خصوصی کو بتایا کہ کاروبار انتہائی مخدوش حالت میں ہیں اسے مزید نہ تباہ کیا جائے’ مہمان خصوصی محترمہ عظمت فردوس نے کہا کہ کارپوریشن کسی پر کوئی ظلم یا زیادتی نہیں کر رہی’ ہم نے بھی کسی کو جواب دینا ہوتا ہے’ ہمیں جو آرڈر ملتے ہیں ہم ان کی بجاآوری کرتے ہیں’ انہوں نے کہا کہ آپ کے مطالبات ذمہ داروں تک پہنچائوں گی اور کوشش کروں گی آپ لوگوں کو جتنا ریلیف دیا جا سکتا ہے دیا جائے’ مگر آپ بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں’ ہم انکروچمنٹ ختم کرکے آگے جاتے ہیں تو پیچھے پھر وہی حال ہوتا ہے’ اچھے سٹیزن ہونے کا ثبوت دیں’ دکاندار حضرات فٹ پاتھ خالی رکھیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو آسانی ہو’ فٹ پاتھوں پر کوئی کاروبار نہیں ہوگا’ آخر میں سپریم انجمن تاجران کے عہدیداروں نے متفقہ طور پر طے کیا کہ شہر بھر کی دیگر تاجرتنظیموں سے مشاورت کر کے ایک بڑا اجلاس بلایا جائے تاکہ باہمی مشاورت سے تاجروں کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں