یوم آزادی ہمیں خود شناسی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے اہل وطن کو آزادی کی 78ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں قیام ِپاکستان کیلئے اپنے آبا اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن 78 سال قبل قا ئد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی۔یہ دن نوآبادیاتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں ہماری جمہوری اور سیاسی کاوشوں کے منطقی انجام کی علامت ہے۔ یوم آزادی ہمیں خود شناسی کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں ملک کی موجودہ ترقی کی سطح ، درپیش چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کے مواقع پر غور کرنا چاہیے۔ اور یہی وقت ہے کہ ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں عزم کریں کہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں