FDAکا سرکاری اراضی پر قابضین کیخلاف کریک ڈائون

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے بھاری مشینری کے ذریعے بھرپور آپریشن کرکے امین ٹائون میں ساڑھے 4کنال رقبہ کے سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی اور قبضہ کے لئے تعمیر کی گئی چار دیواری کو مسمار کر کے ناجائز قبضہ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس تھانہ میں استغاثہ دائر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امین ٹائون میں پبلک یوٹیلٹی کے پلاٹ پر ناجائز قبضہ سے متعلق اطلاع ملنے پر ڈی جی ایف ڈی اے نے ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کو فوری کارروائی کی ہدایت کی جس کی تعمیل کرتے ہوئے اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں بلڈنگ انسپکٹر ثنا اللہ و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بھاری مشینری کے ذریعے آپریشن کر کے مفاد عامہ کے لئے مختص 4 کنال 9 مرلے رقبہ کے سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ واگزار کروا لیا۔ اس دوران تعمیر کی گئی غیر قانونی چار دیواری و دیگر تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ ناجائز قابضین کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس تھانہ میں رابطہ کر لیا گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ سرکاری پلاٹ پر ناجائز قبضہ سے باز رہیں اس ضمن میں قانون شکنی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ناجائز قبضہ کی کوشش میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں