نبی کریمۖ کی سیرت مبارکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے سابق نائب صدر سپریم انجمن تاجران اورکریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن گول کریانہ بازارکے صدر حاجی اسلم بھلی جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل اور سینئر رہنمائوںنے کہا ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ و سلم تمام کائنات کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپۖ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو جنت نظیر بنایا جاسکتا ہے انہوں نے حکومت پرزوردیا کہ ربیع الاول میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ پر تمام صوبوں اور اضلاع میں کانفرنسز منعقد کرکے نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے آگاہی دی جائے ۔ اسلامی تعلیمات سے آگاہی دے کرہی نئی نسل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔انتہاء پسند قوتیں اسلام کے نام پر گمراہی پھیلا رہی ہیں جبکہ اسلام امن، سلامتی اور محبت کا دین ہے۔ حاجی اسلم بھلی نے کہا کہ نبی اکرمۖ کی سیرت مبارکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ ہمیں سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرکے معاشرے سے تمام برائیوں کو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ نبی اکرمۖ پوری امت کیلئے محسن انسانیت ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات طیبہ تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت اور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت کو اپنانا ایمان کا حصہ ہے۔نوجوان نسل خاص طور پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا گہرائی سے مطالعہ کرے۔ ربیع الاول میں تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتفاق اور اتحاد قائم رکھیں تاکہ محرم الحرام کی طرح ربیع الاول بھی پر امن طریقے سے گزرے اور ملک میں اتحاد و اتفاق کی فضاء قائم رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں