8بازاروں میں دکانوں کے بورڈز دوبارہ اتارنے پر تاجروں کا احتجاج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 8بازاروں میں دکانوں کے اوپر لگائے جانیوالے بورڈز کو دوبارہ اتروانے پر تاجر سراپا احتجاج بن گئے، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آئے روز تاجروں کو مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کیا جا رہا ہے اور ان کا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 8بازاروں کی خوبصورتی اور تزین وآرائش کے حوالے سے کچھ عرصہ قبل دکانداروں کو ایک ہی طرز کے بورڈز آویزاں کرنے کا حکم دیا اور تاجروں نے لاکھوں روپے خرچ کر کے ایک ہی طرز سے دکانوں کے اوپر بورڈز لگا لئے۔ تاہم اب ضلعی انتظامیہ کو پرانے بورڈز پسند نہ آئے تو 8بازاروں میں دکانوں کے اوپر لگے تشہیری بورڈز کو اترانے کا حکم دے دیا اور کئی بازاروں میں دکانوں کے اوپر لگے بورڈز اتروا دیئے گئے جس پر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ ضلعی انتظامیہ سے ایک پارکنگ پلازہ تعمیر نہیں ہو رہا اور آئے روز تاجروں کو تنگ کر کے ان کا کاروبار تباہ کیا جا رہا ہے۔ کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے تاجر پہلے ہی تنگ ہیں اور اوپر سے دوبارہ بورڈ تبدیل کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ تاجر برادری نے کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد شہر کی تعمیر وترقی اور 8بازاروں کی تزین وآرائش کے حوالے سے جامع پلان بنا کر نئے طرز کے بورڈز آویزاں کرنے کا کہا جائے پہلے بھی ضلعی انتظامیہ کے کہنے پر ایک ہی طرز کے بورڈز لگوائے تھے۔ اب ان کو اتارا جا رہا ہے جو کہ تاجروں کیساتھ سراسر زیادتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں