چلتی ٹرین میں چڑھنے کی کوشش تاجر کی جان لے گئی

صفدرآباد(نامہ نگار)چلتی ٹرین پر چڑھنے کی کوشش میں تاجر ٹریک میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔مقامی تاجر نور خان بدر ایکسپریس پر لاہور جانے کے لئے ریلوے اسٹیشن صفدرآباد پہنچاتو اسی وقت ٹرین چل پڑی تھی،چالیس سالہ نور خان چلتی گاڑی پر سوار ہونے میں ناکام ہو گیا اس کا پائوں پھسلا اور وہ ٹریک پر گر گیاٹریک پر گرنے سے وہ ٹرین کے نیچے آگیا جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگیںکٹ گئیں،گاڑی اس کے اوپر سے گزر گئی اور وہ موقع پر ہی چل بسا۔نور خان نے مین بازار میںگارمنٹس کی دکان کھول رکھی تھی۔وہ گزشتہ روز لاہور جانے کے لئے بدر ایکسپریس پر سوار ہونے کی کوشش میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔نور خان باجوڑ ایجنسی خیبر پختون کا رہنے والا تھا اور کافی عرصہ سے صفدرآباد میں کاروبار کر رہا تھا۔حادثہ کے بعد ریلوے پولیس موقع پر پہنچی اور ضروری کارروائی کے بعد اس کی لاش اس کے ورثا کے حوالے کر دی جو اسے لے کر باجوڑ روانہ ہو گئے،نور خان کی ہلاکت کی خبر شہر میںجنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور فضا سوگوار ہوگئی۔انجمن تاجراں انارکلی بازار کے چیئرمین ملک بشیر احمد شاہد نے اس درد ناک واقعہ پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں