مین ہول کورز چوری میں منظم مافیا متحرک ہونیکا انکشاف

لاہور (بیوروچیف)پنجاب میں منظم مین ہول چور مافیا کے متحرک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مین ہول کورز کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانون سازی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے اس حوالے سے واسا پنجاب کو اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین ہول کورز چوری کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے لیے قید اور بھاری جرمانے متعارف کرائے جائیں گے اور ہدایت کی کہ ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے تمام اضلاع کی اسپیشل برانچ ٹیموں کی مدد حاصل کی جائے جبکہ تمام ایم ڈی واساز اپنے اپنے اضلاع میں مافیا کا سراغ لگانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔سیکرٹری ہائوسنگ نے مزید کہا کہ خصوصی ٹیموں کے ذریعے موجودہ مین ہولز کی فوری نشاندہی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔سیکرٹری ہائوسنگ کا کہنا تھا کہ مین ہول کورز چوری میں نشے کے عادی افراد کی تعداد کم جبکہ ایک منظم مافیا زیادہ سرگرم ہے، جو اس ابہام کا سالوں سے فائدہ اٹھاتا آ رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مین ہول مافیا کو شکنجے میں لانے کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے جائیں گے اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں قوانین کا یکساں نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب کے مطابق حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں