ارشد سنٹر اور قرب و جوار میں ٹیلی فون لائنیں خراب،صارفین پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ارشد سنٹر اور میاں محمد ٹرسٹ ہسپتال کے قرب وجوار میں پی ٹی سی ایل کی ٹیلی فون لائنیں خراب’ مذکورہ علاقہ میں کھدائی کے بعد یہ مسئلہ شروع ہوا جو ابھی تک حل نہیں کیا جا سکا، کاروباری حلقوں کا صورتحال پر اظہار تشویش۔ تفصیل کے مطابق اہم کاروباری مرکز ارشد سنٹر میاں محمد ٹرسٹ ہسپتال اور اس کے قرب وجوار میں فٹ پاتھوں کے ساتھ کھدائی کی گئی تھی، تب سے اس علاقہ میں ٹیلی فون لائنیں خراب ہیں، ارشد سنٹر فیصل آباد کا ایک اہم کاروباری مرکز ہے اور یہاں پر پی ٹی سی ایل کی ٹیلی فون لائنیں خراب رہتی ہیں۔ کاروباری لوگ فون کریں تو بار بار رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث ارشد سنٹر اور میاں محمد ٹرسٹ ہسپتال کے قرب وجوار میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی سی ایل حکام ٹیلی فون لائنوں کی فوری درستگی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں