پنجاب میں ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات

لاہور ( بیو رو چیف )پنجاب حکومت نے صوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کنیکٹڈ پنجاب منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دیا جائے گا ۔حکام کے مطابق اس منصوبے کیلئے پنجاب حکومت عالمی بینک سے تقریباً 27 ارب 72 کروڑ روپے کا قرض حاصل کرے گی جس کیلئے باقاعدہ مذاکراتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی عالمی بینک کے ساتھ قرض اور منصوبے کی تفصیلات پر بات چیت کرے گی، جبکہ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔کنیکٹڈ پنجاب منصوبے کا بنیادی مقصد صوبے بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب حکومت اپنا جی پی یو کلاڈ بھی قائم کرے گی، جبکہ دور دراز علاقوں تک براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔مزید برآں، منصوبے کے تحت کیش لیس نظام کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے گا جس سے ڈیجیٹل ادائیگیوں میں بہتری آئے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری نظام کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ آن لائن سہولیات فراہم کی جا سکیں اور سرکاری دفاتر کے چکر کم ہوں۔حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف گورننس میں بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو صوبے کی معیشت کیلئے مثبت ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں