سولر پینلز کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

لاہور(بیوروچیف)حالیہ دنوں میں سولر پینلز کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،عالمی اور مقامی سطح پر فریٹ چارجز میں غیر معمولی اضافے اورچین کی جانب سے یکم اپریل 2026 سے سولر مصنوعات پر دئیے جانے والے 9 فیصد وی اے ٹی ایکسپورٹ ریبیٹ کے خاتمے کو قیمتیں بڑھنے کی بڑی وجوہات قرار دیا جارہا ہے۔انہوںنے بتایا کہ مجموعی طور پر مارکیٹ میں کم از کم 10 سے 15 فیصد اضافہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ صرف سولر پینلز کی قیمتوں میں یہ اضافہ 20 فیصد تک پہنچ چکا ہے جو ایک نمایاں اور تشویشناک رجحان ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی اور مقامی سطح پر فریٹ چارجز میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس میں شپنگ، لاجسٹکس اور ہینڈلنگ کے اخراجات شامل ہیں،اس کے علاوہ درآمدی لاگت میں اضافہ، کرنسی کے اتار چڑھا ئواور سپلائی چین میں عدم استحکام نے بھی قیمتوں کو اوپر دھکیلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔مارکیٹ اس وقت ایک ٹرانزیشنل فیز میں ہے جہاں طلب اور رسد کے درمیان توازن بگڑ چکا ہے، اور اسی وجہ سے قیمتیں مستحکم ہونے کے بجائے مسلسل اوپر جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے مہینوں میں سولر سسٹمز کی مجموعی لاگت مزید بڑھ سکتی ہے جس کا براہِ راست اثر صارفین اور انسٹالیشن مارکیٹ پر پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے 3 کلو واٹ کے سولر پینلز کا پورا خرچہ صرف ڈیڑھ لاکھ روپے تھا جبکہ 5 کلو واٹ والا اڑھائی لاکھ روپے میں مل جاتا تھا۔ اب قیمتیں کافی بڑھ گئی ہیں، اگر آپ آج 3 کلو واٹ کا اچھا سولر سسٹم لگانا چاہیں تو اس کا کل خرچہ تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک پڑ سکتا ہے۔اسی طرح 5 کلو واٹ کا سسٹم لگوانے میں 6 لاکھ سے 8 لاکھ 50 ہزار روپے تک لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر مہنگائی اور فیول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوتا رہا تو اگلے چند مہینوں میں یہ قیمتیں اور بھی زیادہ بڑھ سکتی ہیں۔مزید بتایاگیا ہے کہ چین دنیا بھر میں سولر پینلز کا سب سے بڑا سپلائر ہے اور پاکستان کی مارکیٹ بھی بڑی حد تک چینی درآمدات پر انحصار کرتی ہے۔ چین کی جانب سے یکم اپریل 2026 سے سولر مصنوعات پر دیا جانے والا تقریباً9 فیصد وی اے ٹی ایکسپورٹ ریبیٹ مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث مینوفیکچررز کی لاگت میں واضح اضافہ ہوگا۔اس پالیسی تبدیلی کے اثرات فوری طور پر مارکیٹ میں نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، جہاں سولر پینلز کی قیمتوں میںتقریباً 10 روپے فی واٹ تک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں اور 50 روپے فی واٹ کی سطح کو بھی کراس کرنے کا امکان موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں