فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات کے دوران کم سن بچی سمیت 3افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق تاندلیانوالہ کے علاقہ وٹو چوک کے قریب اوکاڑہ سے فیصل آباد آنیوالی ہائی روف ویگن موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر بس سٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی، 5افراد 13سالہ یاسر ولد شریف’ 12سالہ عمیر’ 35سالہ عارف’ 3سالہ مریم اور 35سالہ کنیز بی بی بری طرح زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے مضروبان کو ہسپتال پہنچایا تاہم 14سالہ یاسر ولد شریف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جبکہ ٹھیکری والہ کے علاقہ ڈینگہ پھاٹک کے قریب ٹرالر کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 40سالہ عابد ولد ظفر زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں سمندری روڈ پر 393 گ ب کے قریب اکرم کی فیملی سڑک عبور کر رہی تھی کہ اچانک مخالف سمت سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک نے 3سالہ بچی ماریہ کو کچل دیا، حادثات کے مرتکب ڈرائیورز موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رضاآباد کے علاقہ پروکیانوالہ کے قریب کرین نے سڑک کنارے چلتی خاتون کو کچل دیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 219 رب پروکیانوالہ کے رہائشی جگدے خان نے بتایا کہ وہ اپنی ہمشیرہ اور بھائیوں کے ہمراہ محنت مزدوری کر کے واپس آ رہے تھے کہ اسی دوران تیز رفتار کرین سڑک کنارے چلتی اس کی ہمشیرہ زرینہ بی بی پر چڑھا دی تو ڈرائیور اظہر عباس موقع سے فرار ہو گیا۔ مضروبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔ پولیس نے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔




