فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ کی زیرنگرانی پبلک سکولوں میں پہلی بار ”حفظ قرآن مجید کلاسز” شروع کی جارہی ہیں تاکہ طالب علم دنیاوی اور دینی تعلیم کے ساتھ قرآن مجید حفظ بھی کرسکیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ ڈویژن بھر کے ڈویژنل ماڈل کالجز اور ڈویژنل پبلک سکولز وکالجز میں فوری طور پر حفظ قرآن مجیدکی کلاسز کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ خواہشمند طالب علم پبلک سکولوں میں بھی قرآن پاک حفظ کرسکیں۔اس ضمن میں حفاظ اساتذہ کی بھرتی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پبلک سکولز طالب علموں کو معیاری تعلیم کے ساتھ اعلی خطوط پر تربیت کی فراہمی میں ڈویژن بھر میں اپنا نمایاں مقام رکھتے ہیں اور اب حفظ قرآن مجید کی کلاسز کی بدولت پبلک سکولوں کی شناخت میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔



