اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر نئی پالیسیوں کی منظوری دے دی ہے انہوں نے ”مینٹیننس”کے نام پر ہونے والے بھاری اخراجات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹوٹ پھوٹ کے کاموں کی آڑ میں کسی بھی قسم کی کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر محکمانہ اصلاحات کے لیے جامع اور مربوط پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایک پیسہ بچانے کے لیے کوشاں ہیں،یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم محنت سے فنڈز اکٹھا کریں اور نیچے ”کھابے”چل رہے ہوں، اس لیے کسی بھی سطح پر مالی بے ضابطگی یا بدعنوانی قابل قبول نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ نجی شعبے سے اہل، باصلاحیت اور دیانتدار ”ایگزیکٹوز”کی خدمات حاصل کرے تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے زیر التواء تحقیقات کو جلد مکمل کرنے، خرچ ہونے والے فنڈز کی مکمل جوابدہی اور سخت مانیٹرنگ کے نظام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔عبدالعلیم خان نے مرمتی کاموں کی موقع پر جانچ پڑتال، مؤثر چیک اینڈ بیلنس سسٹم کے قیام اور شفافیت کے فروغ کے لیے تھرڈ پارٹی ایویلیویشن کروانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے عبدالحکیم موٹروے ایمـ3 پر جاری تعمیراتی شکایات کو فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں خرابی کے ذمہ داران کا واضح تعین ہونا ضروری ہے۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے سے متعلق تحفظات کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت سے کمائے گئے قومی وسائل کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور این ایچ اے میں ایک مؤثر، شفاف اور جوابدہ نظام متعارف کرایا جائے گا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ ادارے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک نیا میکنیزم متعارف کروایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری منصوبوں، مالیاتی معاملات، اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر کو مختلف اہم امور پر بریفنگ دی۔



