ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) خواتین اساتذہ کی ترقیوں کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC)کا ایک اہم اجلاس چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) فیصل آباد رائو عبدالکریم کی زیر صدارت سی ای او (ایجوکیشن) آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں 61خواتین ابتدائی سکول ٹیچرز (ESTگریڈ 15) کی سیکنڈری سکول ٹیچرز (SSTگریڈ 16، جنرل/سائنس) میں ترقی کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب علی اسد اللہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) محمد وسیم ساجد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انور علی اور نمائندہ شیخ ندیم شاہد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی نے تمام کیسز کا میرٹ کی بنیاد پر بغور جائزہ لیتے ہوئے 35سے زائد خواتین اساتذہ کی ترقی کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی۔ اجلاس کے دوران اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ تمام امیدواروں کے خفیہ رپورٹس (ACRs/PERs)، تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت، سروس سنیارٹی اور متعلقہ قواعد و ضوابط کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جائے۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ترقیوں کے عمل کو مکمل شفافیت اور میرٹ کے مطابق یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔




