ایف ڈی اے کے ورک میں سٹاف کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کے ورک مین سٹاف سمیت تمام ملازمین کے جائز حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا تاکہ وہ اطمینان اور یکسوئی کے ساتھ اپنے دفتری فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارے کی ترقی اور بہتر کارکردگی ملازمین کی فلاح و بہبود سے وابستہ ہے، اس لیے ان کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلابی ورکرز یونین کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صدر انقلابی ورکرز یونین صداقت بلوچ، جنرل سیکرٹری منیب ریاض، چیئرمین شیخ عمران اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ورک مین ملازمین کی شکایات اور مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر ہی بعض اہم مسائل کے حل کا اعلان کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ورک مین ملازمین کی ملازمت سے متعلق تمام معاملات متعلقہ قوانین، سروس رولز اور قواعد و ضوابط کی روشنی میں نمٹائے جائیں تاکہ کسی ملازم کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ انتظامی افسران کی اولین ترجیح ادارے میں ایسا خوشگوار اور منصفانہ ماحول فراہم کرنا ہے جہاں ہر ملازم خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کرے۔ انہوں نے کہا تمام جائز مطالبات کو قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیا جائے گا، جبکہ ملازمین کی پیشہ ورانہ استعداد اور فلاح کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ایف ڈی اے ایک مضبوط اور خدمت گزار ادارہ ہے جس کی کامیابی ملازمین کی محنت اور لگن سے وابستہ ہے۔ انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان باہمی اعتماد، مشاورت اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر انقلابی ورکرز یونین کے صدر صداقت بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ورک مین ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور فوری اقدامات کا اعلان کرکے ملازمین کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ جنرل سیکرٹری منیب ریاض نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کا مثبت اور تعمیری رویہ قابلِ تحسین ہے، جس سے ورک مین ملازمین کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ چیئرمین شیخ عمران نے کہا کہ یونین انتظامیہ کے ساتھ باہمی تعاون اور خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے اور ادارے کی بہتری، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں انتظامیہ اور یونین کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید موثر بنانے اور ملازمین کے جائز مسائل کو قانون کے مطابق حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں