فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سیوریج ایشو کے پائیدارحل کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت روڈ سائیڈ ڈرینز کے امور ڈرینج سے لیکر آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے اسی طرح تما م مشینری اور عملہ بھی آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے سپرد کردیا جائے گا۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او اینڈ ایم اور روڈ سائیڈ ڈرین ڈائریکٹوریٹس متحد ہونے سے شہر میں سیوریج سے متعلقہ مسائل جامع اور پائیدار طریقے سے حل ہونگے کیونکہ روڈ سائیڈ ڈرینز سیوریج لائنوں سے لنک ہوتے ہیں اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ڈی ایم ڈی فرحان لطیف، ڈائریکٹرز آپریشنز اور ڈرینج کو آپس میں میٹنگ کریں اور مشینری سمیت عملہ کے منتقلی کو حتمی شکل دیں تاکہ رواں سال مون سون سیزن میں شہریوں کو تیز رفتار نکاسی آب کی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ روڈ سائیڈ ڈرینز سے آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو مشینری اور سٹاف کی منتقلی کے بعد اکتوتر تک کسی قسم کا کوئی تبادلہ نہیں ہو گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ امین پور بازار، کالج روڈ سمن آباد اور اقبال اسٹیڈیم کی سیوریج لائنیں جلدی شروع کی جائیں جبکہ کھدائی اور پائپ لائن بچھانے کے بعد بیک فلنگ اور ریسٹوریشن کے ساتھ ہونی چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام نوٹیفائی کئے گئے مون سون سیزن ایمرجنسی ریلیف کیمپس مکمل فعال رہنے چاہئے اور سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے، مدینہ ٹائون میں خصوصی کیمپ لگایا جائے اور وہاں پر سکر مشینیں، ڈی واٹر سیٹ اور عملہ ہر وقت دستیاب ہونا چاہیے۔




