اسلام آبا د(بیورو چیف)پاکستان اور کرغز جمہوریہ نے سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہ ہے کہ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ منگل کو جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق یہ اتفاقِ رائے صدر آصف علی زرداری کے کرغز جمہوریہ کے سرکاری دورے کے دوران سامنے آیا جو وہ کرغز جمہوریہ کے صدر سادیر ژاپاروف کی دعوت پر کررہے ہیں۔ صدر مملکت کے دورہ کرغزستان کے دوران ہونے والی بات چیت پر مبنی مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں سربراہانِ مملکت نے روایتی دوستی، باہمی اعتماد اور گہری ہم آہنگی کی فضا میں تفصیلی اور نتیجہ خیز مذاکرات کئے اور پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات کی مسلسل مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں صدور نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دسمبر 2025 میں کرغز صدر کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر بروقت اور مثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں ممالک نے فعال سیاسی مکالمے کو جاری رکھنے، اعلی ترین سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے اور پارلیمانوں، حکومتوں اور وزارتِ خارجہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اپنی حکومتوں، متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے مشترکہ کوششیں تیز کی جائیں ۔




