وزیراعلیٰ کے ترقیاتی پروگراموں پر غفلت برداشت نہیں کی جائیگی

سرگودھا(بیورو چیف) اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سوہنا پنجاب کے تحت،ستھرا پنجاب پروگرام، ”مثالی گائوں”پروگرام، پنجاب ڈو یلپمنٹ پروگرا م (پی ڈی پی ) اور سالانہ ترقیاتی پروگرام حکومت کے خصوصی اقدامات ہیں، جن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے دور سرگودھا کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی، ڈائریکٹر مثالی گائوں، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے تمام فلیگ شپ پروگراموں پر مقررہ اہداف کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور تمام منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی حامد چھٹہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی چار تحصیلوں بھلوال، بھیرہ، سلانوالی اور ساہیوال میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تقریباً 18.6 ارب روپے مالیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں بارشی پانی کے ذخیرے، سیوریج، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں