ٹرانسپورٹ مالکان کی من مانیاں،کرایوں میں مزید اضافہ کردیا

کمالیہ(نامہ نگار)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مسافر بسوں، ویگنوں اور گڈز ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے ، جس کے باعث شہریوں، مسافروں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے سے روزانہ سفر کرنے والے ملازمین، طلبہ اور عام مسافروں کا ماہانہ بجٹ بری طرح متاثر ہوا ہے ، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے نرخ بڑھنے سے اشیائے ضروریہ سمیت مختلف سامان کی ترسیل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ، جس کے اثرات عام صارفین پر پڑنے کا خدشہ ہے ۔مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرایوں میں اضافے کا جائزہ لیں اور مقررہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جا سکے ۔دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے ، گاڑیوں کے پرزہ جات اور دیکھ بھال کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں پرانے کرایوں پر ٹرانسپورٹ سروس جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ روزمرہ زندگی پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ میں کمی لائی جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں