فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد نے تحصیل جڑانوالہ میں غیر رجسٹرڈ اور غیر محفوظ نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں 45نجی اسکولوں اور 25ٹیوشن اکیڈمیز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 4 نجی اسکولوں کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔سیل کرنے کے احکامات اسوہ پبلک اسکول 40جی بی، الفتح اسکول لنڈا منڈی جڑانوا لہ، دی بلیسڈ اسکول جنیو بستی ستیانہ اور برائٹ فیوچر اسکول 107آر بی کے خلاف جاری کیے گئے ہیں۔اس سے پہلے 28سکولز کو فی کس 3لاکھ روپے جرمانے عائد کئیے گے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد را عبدالکریم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حافظ محمد ذاکر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل جڑانوالہ طارق محمود کی نگرانی میں جاری کارروائی کے دوران نجی تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن اور بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق محمود نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی جان و سلامتی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




