خلائی تحقیق کے میدان میں نئے باب کا آغاز (اداریہ)

پاکستان کے لیے 25نومبر 2026ء ایک تاریخی اور یادگار دن کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جب پاکستانی خلانورد محمد ذیشان علی چین کے شین ژو 24 خلائی مشن کے ذریعے زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، یہ کامیابی محض ایک فرد کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف نہیں بلکہ پاکستان کے سائنسی سفر’ نوجوان نسل کی امنگوں اور چین کے ساتھ دیرینہ دوستی کی اہم علامت بھی ہے۔ اس مشن کے ذریعے پاکستان نے انسانی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ یہ پیشرفت اس حقیقت کی یاد دہانی بھی ہے کہ مسلسل محنت’ تربیت’ علم اور تعاون سے بڑے بڑے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ محمد ذیشان علی چین کے دو خلا بازوں تانگ ہونگ ہو اور وویی کے ہمراہ شین ژو 24مشن کا حصہ بنے۔ اس خلائی سفر کے لیے انہیں چین میں تقریباً سات ماہ کی خصوصی تربیت دی گئی۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسسٹنٹ کی ذمہ داریاں انجام دینگے اور سائنسی تجربات میں حصہ لینگے۔ یہ پاکستان کیلئے اس اعتبار سے بھی اہم سنگ میل ہے کہ ذیشان علی چین کے خلائی پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور تیان گونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر چینی شہری بنے ہیں۔ اس کامیابی سے پاکستان اور چین کے سائنسی وتکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ محمد ذیشان علی نے کہا کہ قوم کی امیدیں ساتھ لے کر خلا میں جا رہا ہوں۔ خلائی مشن میں صرف میری نہیں پورے پاکستان کی نمائندگی ہو گی۔ یہ مجھ سمیت پورے پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے بہترین تربیت فراہم کی۔ چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ وارانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی سمندری سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے۔ امید ہے مزید مشترکہ مشن بھی ہونگے۔ چین پاکستان کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں بڑھتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان خلا باز ذیشان علی کی چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی سفر پر روانگی پر قوم کو مبارک باد پیش کی۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ آج پاکستان نے ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر دیا ہے۔ یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے۔ یہ ہماری نوجوان نسل’ ہمارے سائنسدانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔ چین اور پاکستان زمین پر قیام امن اور باہمی ترقی ہی میں ہم آہنگ نہیں ہیں بلکہ اب خلا کے سفر میں بھی ہم قدم ہیں۔ یہ دوستی کی وسعت اور قربت کا اظہار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو اور جامعات اور سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے تیارکردہ سائنسی تجربات اس مشن کے ساتھ خلا میں جا رہے ہیں اگر آج ایک پاکستانی خلائی سٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل ایک پاکستانی چاند تک بھی پہنچے گا۔ محمد ذیشان علی کا خلائی سفر ایک نئی امید اور روشن مستقبل کی علامت ہے۔ یہ کامیابی اس عزم کو مضبوط کرتی ہے کہ پاکستان علم’ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر اس موقع سے دانش مندی کے ساتھ فائدہ اٹھایا جائے تو آج کا یہ تاریخی لمحہ آنے والی نسلوں کے لیے ترقی’ خوداعتمادی اور کامیابی کی بنیاد بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں