فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) واجباب کی عدم ادائیگی اور سردیوں کی یونیفارم تبدیل نہ کرنے پر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز سراپا احتجاج بن گئے، ڈپٹی کمشنر آفس کے باھر دھرنا دیتے ہوئے ٹھیکیداروں کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے اور3جون سے کام بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ ایف ڈبلیو ایم سی کے احتجاجی ورکر کا کہنا تھا کہ کیئر کمپنی کی طرف سے موسم سرما میں دی جانے والی یونیفارم ابھی تک تبدیل نہیں کی گئی، شدید گرمی میں موسم سرما کے ٹریک سوٹ پہن کر کام کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور کیئر کمپنی کی جانب سے ایف ڈبلیو ایم سی کے ملازمین اور کوڑا کرکٹ اٹھانے والی پرائیویٹ گاڑیوں کی اجرت بھی نہیں دی جا رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے یوٹیلٹی بلز ، بچوں کے سکول کی فیسیں ادا کرنے سے قاصر ہیں اور دکانداروں نے ادھار دینا بھی بند کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر ایف ڈبلیو ایم سی کے احتجاجی ورکرز نے ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کر رہے تھے کہ ان کی اجرت اور وردیوں کی یونیفارم فی الفور تبدیل کیا جائے ورنہ 3جون سے کام بند کر دینگے۔




