PFA،لائیو سٹاک کی مشترکہ کارروائی،ساڑھے بارہ من مضر صحت گوشت تلف

جڑانوالہ(نامہ نگار) محکمہ لائیو سٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھینس کا مضر صحت ساڑھے 12 من گوشت پکڑ کر تلف کر دیا اور تین ملزمان کو حراست میں لیکر تھانہ ستیانہ میں مقدمہ درج کروا دیا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جڑانوالہ ڈاکٹر عثمان مرزا کی ہدایات پر محکمہ لائیو سٹاک جڑانوالہ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے بنگلہ ستیانہ روڈ پر ایک کامیاب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اڑھائی من تقریبا 500 کلو گرام بھینس کا غیر معیاری،مضر صحت اور انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ قبول گوشت برآمد کر لیا ہے کارروائی کا مقصد شہریوں کو محفوظ،معیاری اور صحت بخش گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانا اور غیر قانونی طور پر ذبح کیے گئے یا غیر معیاری گوشت کی فروخت کی روک تھا،اطلاع پر محکمہ لائیو سٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ مقام پر چھاپہ مارا،جہاں سے بڑی مقدار میں غیر معیاری گوشت برآمد ہوا۔موقع پر موجود ایڈیشنل پرنسپل ویٹرنری آفیسر، سول ویٹرنری ہسپتال ستیانہ ڈاکٹر مقصود عالم نے برآمد شدہ گوشت کا تفصیلی ویٹرنری معائنہ کیا اور اسے انسانی صحت کیلئے مضر،غیر معیاری اور ناقابلِ استعمال قرار دیا۔ویٹرنری رپورٹ کی روشنی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پولیس کی موجودگی میں تمام گوشت کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تلف کر دیا تاکہ یہ کسی بھی صورت دوبارہ مارکیٹ میں نہ پہنچ سکے،کارروائی کے دوران موقع پر موجود تین ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ ستیانہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 511/26 پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ اور پنجاب سلاٹر کنٹرول ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک جڑانوالہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو محفوظ معیاری اور صحت بخش گوشت کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے غیر قانونی سلاٹر ہاسز،بیمار یا مضرِ صحت جانوروں کے گوشت کی تیاری و فروخت اور قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور منظور شدہ مراکز سے گوشت خریدیں اور اگر کہیں غیر قانونی ذبح، مشکوک یا مضرِ صحت گوشت کی فروخت دیکھیں تو فوری طور پر محکمہ لائیوسٹاک یا پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں