فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ کے باہر صاف پینے کے پانی کے ٹینکر متعین کر دیئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے عزاداروں اور مجالس کے شرکا کے لئے پینے کا پانی وافر مقدار میں 24گھنٹے دستیاب ہو گا ۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ عزاداروں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اور محرم الحرام کے دوران شہریوں کو واٹر سپلائی کی معیاری سروسز کی ڈیلیوری کر کے ریلیف دے رہے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی عزادار کو پینے کے پانی کے حصول کے لئے کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے اور واٹر ڈسٹری بیوشن اینڈ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ عاشورہ محرم الحرام کے اختتام تک چوبیس گھنٹے مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ پر واٹر بائوزرز دستیاب رہنے چاہیے جن میں پینے کا پانی وافر مقدار میں موجود ہونا چاہیے۔۔




