فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ لائیوسٹاک فیصل آباد تحصیل سمندری،تاندلیانوالہ اور جڑانو الہ میں عید الاضحی کے موقع پر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے قائم شدہ مویشی منڈیوں اور چیک پوسٹوں پر تعینات آفیسرز،پیراویٹرنری آفیشلز اور دیگر محکمانہ سٹاف میں اعلیٰ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد قیصر خلیق قریشی نے تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔ یہ تقریب کانفرنس روم سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ایڈیشنل ڈا ئر یکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد نے کی۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر رانا اعجاز احمد خان نے سرانجام دیئے۔ان کے ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک تاندلیانوالہ ڈاکٹر مقصود عالم، سمندری ڈاکٹر لیاقت علی خان اور جڑانوالہ ڈاکٹر نازش سعید نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر محمد قیصر خلیق نے اپنے خطاب میں تمام سٹاف کی عید الاضحی کے دوران مویشیوں منڈیوں،چیک پوسٹوں اور دیگر ویٹرنری فرائض کی شاندار فراہمی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثالی خدمات سرانجام دینے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔




