فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جدت، تحقیقی نتائج کی تجارتی بنیادوں پر منتقلی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، اور اسٹارٹ اپس کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد اور ہری پور میں قائم اہم قومی اداروں اور ٹیکنالوجی مراکز کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ وفد میں ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ خاں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈوومنٹ فنڈز سیکرٹریٹ ڈاکٹر بابر شہباز، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر حماد بدر، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مسٹر عرفان عباس، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد اسلم، انسٹیٹیوٹ آف سوائل اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے ڈاکٹر محمد نوید اور ڈپٹی ٹریژرر مسٹر عاصم راحیل شامل تھے۔ وفد نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں چیئرمین اظفر منظور، ممبر زونز عامر سلیمی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات میں پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے جاری اقدامات اور ممکنہ تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے زرعی یونیورسٹی کی تحقیقی اور اختراعی اقدامات اور ایگری ٹیک پارک کی پیش رفت اور مستقبل کے امکانات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا، جہاں پرو ریکٹر ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر رضوان ریاض نے نسٹ ٹیکنالوجی پارک، اس کے انوویشن ایکو سسٹم، آپریشنل ماڈل اور کامیاب منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا، جہاں انہیں پارک کے انوویشن ایکو سسٹم، اسٹریٹجک اقدامات اور ٹیکنالوجی کی ترقی سے متعلق پروگراموں، خصوصاً گرین اے آئی منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کارپوریشن اور پاک آسٹریا فاخ ہوخشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے تعلیمی ماڈل، عملی تحقیق، صنعت سے روابط اور انوویشن ایکو سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔




