جی سی ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو باصلاحیت بنانا بڑی کامیابی ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیرِ اہتمام دو روزہ ”ڈگری شو 2026” کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ اور اہلیہ چیئرمین انٹرلوپ لمیٹڈ کی فرزانہ مصدق کے ہمراہ کیا۔نمائش میں شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی سات طالبات کے تخلیقی فن پارے اور ڈیزائنز پیش کیے گئے، جن میں عصری سماجی موضوعات کے ساتھ خواتین کے عزم، حوصلے، تخلیقی صلاحیتوں اور مستقبل کے وژن کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرٹ اور ڈیزائن نہ صرف تخلیقی معیشت اور کاروباری مواقع کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ ڈگری شوز طالبات کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی ایسی باصلاحیت، پراعتماد اور بااختیار گریجویٹس تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کی قیادت کر سکیں۔ انہوں نے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی انچارج ڈاکٹر طوبی نجم اور ان کی ٹیم کی کامیاب کاوشوں کو بھی سراہا۔تقریب میں اساتذہ، طالبات، صنعتی شعبے کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں