فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے نئے چیئرمین نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں تعینات چیئرمین رانا بنیامین نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دیں۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ، کنٹرولر امتحانات رانا عتیق الرحمن اور پی ایس ٹو چیئرمین رانا جمشید علی نے ان کا استقبال کیا، مبارکباد پیش کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔چارج سنبھالنے کے بعد چیئرمین بورڈ نے برانچ افسران کا اجلاس طلب کیا، جس میں سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے انہیں امتحانی نظام، انتظامی امور اور بورڈ کی مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین رانا بنیامین نے مختلف برانچ افسران سے سوالات کیے اور دفتری امور میں مزید بہتری، شفافیت اور موثر کارکردگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ رانا بنیامین نے کہا کہ تمام افسران اور ملازمین ٹیم ورک کے جذبے کے ساتھ کام کریں تاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام ملازمین کی صبح و شام بائیومیٹرک حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ روزانہ کی حاضری رپورٹ بھی ان کے دفتر ارسال کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دفتری فائلوں کی بروقت نگرانی اور کام کی رفتار بہتر بنانے کے لیے ای فاکس پروگرام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جو دیگر اداروں میں بھی کامیابی سے استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے شعبہ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ ای فاکس پروگرام جلد تیار کیا جائے اور تمام افسران و ملازمین کو اس کی مناسب تربیت بھی فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا، اگر اسے محنت، توجہ اور لگن سے کیا جائے تو ہر ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین بورڈ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ملازمین کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔اجلاس کے اختتام پر تمام برانچ افسران نے چیئرمین رانا بنیامین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔بعد ازاں صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد ثاقب علوی، جنرل سیکرٹری چوہدری نسیم گجر اور دیگر عہدیداران نے چیئرمین بورڈ سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ چیئرمین نے یونین نمائندگان سے جلد تفصیلی ملاقات کا عندیہ بھی دیا۔دریں اثنا فدائین گروپ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے صدر میاں عرفان شوکت، مولوی افتخار احمد اور میاں شکیل احمد پر مشتمل وفد نے بھی چیئرمین بورڈ سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر رانا بنیامین نے تمام وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ان شا اللہ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں