فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے فیصل آباد پریس کلب کا دورہ کیا اور پریس کلب کی طرف سے منعقدہ الوداعی تقریب میں شرکت کی۔صدر پریس کلب بلال ڈوگر،سیکرٹری شوکت وٹو،گروپ لیڈر شاہد علی، سینئر صحافی مقبول احمد لودھی،سینئر نائب صدر میاں کاشف فرید،حنان بخاری،رانا زاہد اقبال ، محمد کاشف،محسن فاروق کے علاوہ دیگر عہدیدارا ن بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ فیصل آباد میں تقریباً2سال تعیناتی کے دوران عوامی خدمت ان کا مشن رہا اور ضلع کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے۔ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ فیصل آباد میں عرصہ تعیناتی سروس کا یادگار دور ہے جس کے دوران شہریوں کی طرف سے بے پناہ محبت ملی جسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو خوشگوار اور کاروباری افراد کو سازگار ماحول کی فراہمی ترجیح رہی جس کے تحت گھنٹہ گھر کے کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن مکمل کرائی۔انہوں نے بتایا کہ دوران تعیناتی میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا اور عوامی مسائل کا حل ان کی ترجیح رہی۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 2سال کے دوران ضلع بھر سے15ہزار ایکڑ سے زائد سرکاری زمین قابضین سے واگزار کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کونسل چوک سے کچہری بازار چوک تک سڑک کی تعمیر ومرمت وبحالی کی منظوری ہوچکی ہے جس پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کی مرکزی شاہرات کی مرمت وبحالی مکمل کرائی جس کی بدولت معیاری سفر یقینی ہوا ہے۔انہوں نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ اداکیا جن کی طرف سے عوامی مسائل کو مثبت انداز میں اجاگر کیا گیا جس کی بدولت شہری و علاقائی مسائل کے حل میں مدد ملی۔




