ملاں پور میں سوئی گیس کی فراہمی اور30کلو میٹر لمبی سڑک کی تعمیر کاآغاز

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) 77ملاں پور میں سوئی گیس فراہمی اور سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مشیر وزیرِ اعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، سابق ایم پی اے میاں اجمل آصف ، سابق چیئرمین ڈاکٹر میاں طارق، سابق جنرل کونسلر اویس افضل،رانا منیر،رانا آصف صدیق،میاں محمد ذیشان،حافظ محمد شاہد، میاں علیم، محمد وقاص ، میاں عارف،میاں لیاقت، سمیت علاقہ معزز ین نے شرکت کی، رانا ثنااللہ اور میاں اجمل آصف کا کہنا تھا کہ77ج ب ملاں پور میں فراہمی سوئی گیس اور 29.5کلو میٹر سڑک کی تعمیر سے ترقی اور عوامی خدمت کا یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا، اور علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے مزید منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے۔ سڑک کی تکمیل سے آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی، متعدد دیہات مستفید ہوں گے اور عوام کو درپیش دیرینہ مشکلات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوا اور بھارت کے وزیرِ اعظم کو عالمی سطح پر خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے اور امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے اور تیل کی فراہمی بہتر ہونے سے ملک میں معاشی بہتری آئے گی، جس کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگی صورتحال کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، تاہم حالات معمول پر آنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔انہوں نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ ٹرمپ کی جیت پر حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہے تھے، مگر ان عناصر نے ملک میں شائستہ سیاست کے بجائے گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا، جسے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر اہلِ علاقہ نے سوئی گیس کی فراہمی اور سڑک کی تعمیر پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں