فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام دھوبی گھاٹ میں محفل میلاد مصطفیۖ میں حضرت علامہ سید لطیف رؤف’ حضرت علامہ مولانا مفتی ہاشم خان عطاری’ الحاج دیوان عثمان فریدی چشتی’ صدر الحاج منیر احمد نورانی نے کہا کہ سرکار کی آمد بنی نوع انسان کے لئے بلا شبہ ذریعہ نجات ہے سرکار ۖکی آمد سے زمانے میں نور ایمان کی روشنی چھاگئی ۔ عرب و عجم کی سر زمین کو ظلمت سے نجات مل گئی ہر طرف تو حید کا پر چار ہو نے لگا کعبہ سے بت ہٹا دئیے گئے۔ یتیموں اور بے کسوں کو سہارا مل گیا دشمنیاں دوستیوں میں بدلنے لگیں زمانے میں ہر طرف محبت اور بھائی چارے کے پیغامات پھیلنے لگے۔ آج ہمیں سرکار آمد کو پورے جوش وجزبے اور عقیدت سے منانا چاہئے اور میرے آقاۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہیئے۔ حضرت محمد مصطفی ۖکی ذات باعث تخلیق کائنات ہے’ زندگی کے ہر شعبے میں سیرت طیبہ مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے’ ہمارے نوجوانوں کو نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دین کی سربلندی کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ ربیع الاول میں حضورۖ کی سیرت طیبہ پر تمام صوبوں اور اضلاع میں کانفرنسز منعقد کرکے نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت نبویۖ سے آگاہی دی جائیگی۔ اسلامی تعلیمات سے آگاہی دے کر نئی نسل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔حضور اکرمۖ تمام کائنات کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو جنت نظیر بنایا جاسکتا ہے۔ مسلمان اسلامی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں۔ انتہاء پسند قوتیں اسلام کے نام پر گمراہی پھیلا رہی ہیں جبکہ اسلام امن، سلامتی اور محبت کا دین ہے۔ نبی اکرمۖ کی سیرت مبارکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ ہمیں سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرکے معاشرے سے تمام برائیوں کو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ نبی اکرمۖ پوری امت کیلئے محسن انسانیت ہیں اور آپۖ کی حیات طیبہ تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپۖ سے محبت اور آپۖ کی سیرت کو اپنانا ایمان کا حصہ ہے۔نوجوان نسل خاص طور پر سیرت النبیۖ کا گہرائی سے مطالعہ کرے۔




