کینیا کے ہائی کمشنر کا دورہ زرعی یونیورسٹی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کینیا کے ہائی کمشنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) پیٹر مبوگو نجیرو نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات کی۔ملاقات میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور کینیا کی جامعات کے مابین طلبہ کے تبادلے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہائی کمشنر نے یونیورسٹی کی زرعی مصنوعات کی نمائش میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے کسانوں کے لیے یونیورسٹی کی تیار کردہ ”کِسان ایپ” کو سراہا۔ انہیں ملک کے مختلف علاقوں میں آب و ہوا اور مٹی کے مطابق گندم اور چاول کی کاشت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹرذوالفقار علی نے یونیورسٹی کی کامیابیوں، اشتراکی منصوبوں اور زرعی شعبے سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کینیا کے ساتھ بہتر روابط دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کینیا کے زرعی اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کئے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ غذائی عدم استحکام، پانی کی کمیابی، موسمیاتی تبدیلیوں اور مٹی کی بگڑتی ہوئی صحت جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے ناطے زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں