واسا فیلڈ سٹاف کا نئی تعمیر شدہ کالونیوں میں ”سیلف کولیکشن”کا دھندہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا کے فیلڈ سٹاف نے فیصل آباد کے گرد ونواح میں نئی تعمیر ہونے والی کالونیوں میں ”سیلف کولیکشن” کا دھندہ شروع کر دیا، نئی کالونیوں کے باسیوں کو فراہمی ونکاسی آب کے جلد کنکشن دینے اور ڈیمانڈ نوٹس کے نام پر شہریوں سے 20 سے 30ہزار فی گھرانہ رقوم وصول کرنے لگے، شہریوں کی شکایات کے باوجود محکمہ واسا کے اعلیٰ افسران نے پراسرار خاموشی اختیار کر لی۔ معلوم ہوا ہے کہ فیصل آباد کے گرد ونواح میں نئی تعمیر ہونے والی کالونیوں اور ہائوسنگ سوسائٹیز کے باسیوں کو فراہمی ونکاسی آب کے جلد کنکشن دینے کیلئے ڈیمانڈ نوٹسز کے نام پر ”سیلف کولیکشن” شروع کر رکھی ہے اور نئی کالونیوں کے باسیوں کے گھر گھر جا کر 20 سے 30ہزار روپے کی رقم حاصل کر رہے ہیں جبکہ ڈیمانڈ نوٹس کے نام پر نہ تو کنکشن دلوایا جا رہا ہے اور نہ ہی رقم واپس کر رہے ہیں اور مبینہ طور پر محکمہ کا متعلقہ عملہ اور اعلیٰ افسران نے بھی ان کے ساتھ مک مکا کر رکھا ہے اور جب سادہ لوح شہری واسا کے دفاتر جا کر متعلقہ فیلڈ سٹاف کے بارے میں رقم حاصل کرنے کے باوجود کنکشن نہ دینے کی شکایات کرتے ہیں تو متعلقہ عملہ وافسران ان کی بات سنی ان سنی کر دیتے ہیں اور شہریوں کی شکایات پر فیلڈ سٹاف کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق واسا کا فیلڈ سٹاف نئی کالونیوں میں بسنے والے افراد سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔ نئی کالونیوں کے رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فراہمی نکاسی آب کے نام پر نئے کنکشن دینے کیلئے ڈیمانڈ نوٹسز کے نام پر سیلف کولیکشن کرنے والے محکمہ واسا کے فیلڈ سٹاف کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی رقوم واپس دلوائی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں