بجلی کی قیمت کم نہ ہونے پر جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف جماعت اسلامی نے17جنوری کو ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے کرنے کااعلان کردیا، حافظ نعیم الرحمن کی کال پر فیصل آباد میں بھی 14 مقامات پر مظاہرے ہوں گے۔ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے راولپنڈی معاہدے پر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہیں کیا،حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پیٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے۔ حکومت نے دکھاوے کیلئے چند آئی پی پیز معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیا مگر باقی سارے موجود ہیں،حکومت فوری طور پر جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے۔انہوں نے کہاکہ حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور سود کی شرح کوسنگل ڈیجٹ پرلایاجائے۔ ان اقدامات سے ہونی والی اربوں روپے کی بچت کو بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ پیٹرول کی قیمت کو عالمی منڈی کے مطابق لایا جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حکومت کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے کم وبیش 25ارب ڈالر کا فائدہ امپورٹ بل کی صورت میں حاصل ہوا ہے، اس فائدے سے عوام کو ریلیف ملے تو پیٹرول کی قیمت 150روپے فی لیٹر تک آجائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں