فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری اور سابق یونین کونسل ناظم و چیئرمین میاں طاہر ایوب نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرنے، بجلی سستی کرنے اور دیگر عوامی مطالبا ت کے حل کیلئے جاری تحریک انشااللہ جلد کامیاب ہوگی۔ یہ تحریک دراصل پاکستان میں ایک عادلانہ، منصفانہ اور فلاحی نظام کے قیام کی جدوجہد ہے۔ ایسے نظام کی ضرورت ہے جو ملک سے مہنگائی، بے روزگاری، بھوک اور غربت کا خاتمہ کرکے 25 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیوں میں خوش حالی، آسودگی اور آسانیاں پیدا کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ایک مثالی ریاست وہ ہوتی ہے جہاں کوئی شخص بھوک سے مرنے پر مجبور نہ ہو، کوئی والدین اپنے بچوں کو بھوک اور بے بسی کے باعث قتل کرنے جیسے انتہائی اقدام تک نہ پہنچیں، ہر فرد کو باعزت روزگار، سر چھپانے کے لیے جگہ اور پرامن ماحول میسر ہو۔ اگر کوئی حکمران اور نظام عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی فراہم کرنے میں ناکام رہے اور لوگ مجبوری کے عالم میں جرائم کی طرف مائل ہونے لگیں تو اس صورتِ حال کے اسباب اور حکومتی ذمہ داریوں کا سنجیدہ احتساب ضروری ہے، کیونکہ عوام کی کفالت، تحفظ اور فلاح ریاست کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ خالد محمود چوہدری اور میاں طاہر ایوب نے کہا کہ تاج و تخت محض طاقت اور اختیار کا نام نہیں بلکہ ایک بڑی آزمائش اور بھاری ذمہ داری ہے، جس کا جواب حکمرانوں کو اپنے رب اور عوام کے سامنے دینا ہوگا۔ حقیقی حکمرانی اور انصاف کا تقاضا صرف مجرم کو سزا دینا نہیں بلکہ جرائم کے بنیادی اسباب کا خاتمہ کرنا بھی ہے۔ ایک مثالی ریاست وہی ہے جہاں عدل و انصاف اور سماجی فلاح و بہبود ساتھ ساتھ چلیں اور کسی شہری کو بنیادی ضروریات سے محرومی کے باعث ذلت و بے بسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




