جانوروں کی صحت کا تحفظ بنیادی ترجیح ہے،سیکرٹری لائیو سٹاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری لائیوسٹا ک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ نے تحصیل شورکوٹ اور بدھ رجبانہ کا اچانک دورہ کیا اور فیلڈ ویٹرنری سروسز، محکمانہ کارکردگی اور وزیرا علیٰ پنجاب کے لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ پروگرامز پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن) ڈاکٹر کنور محمد نعیم بھی ہمراہ تھے۔سیکرٹری لائیو سٹا ک پنجاب نے دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک شورکوٹ، سول ویٹرنری ہسپتال شورکوٹ اور سول ویٹرنری ڈسپنسری بدھ رجبانہ کا معائنہ کیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں جاری ویٹرنری خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے ادویات کی دستیابی و شفاف تقسیم، ویکسینیشن، بیماریوں کی روک تھام، عملے کی حاضری، صفائی، ریکارڈ مینجمنٹ اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے الٹراسائونڈ کی سہولت کا معائنہ کیا اور بکری کے الٹراسونوگرافک معائنے کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کے ساتھ مصنوعی نسل کشی کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے بدھ رجبانہ میں مجوزہ ماڈل ویٹرنری ہسپتال کی سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے اس کی فنی و جغرافیائی موزونیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے واضح کیا کہ محکمانہ کارکردگی کاغذی کارروائی سے نہیں بلکہ عملی نتائج اور شفافیت سے پرکھی جائے گی۔ انہوں نے ادویات کی شفاف فراہمی، الٹراسائونڈ اور مصنوعی نسل کشی کی سہولیات کے بلا تعطل تسلسل اور فیلڈ انسپکشن کو موثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مویشی پال حضرات کی خدمت اور جانوروں کی صحت کا تحفظ محکمہ لائیوسٹاک کی بنیادی ترجیح ہے اور ویٹرنری خدمات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں