کراچی(سپورٹس نیو ز)پاکستان میں آئندہ سال اپریل میں منعقد ہونیوالی 14ویں ساتھ ایشین گیمز کے لیے قومی ایتھلیٹکس ٹیم کے انتخاب کے معاملہ پر قومی ایتھلیٹس مشکل میں پڑ گئے۔ گیمز کی قائم کردہ ایتھلیٹکس کمیٹی نے 16 سے 19 نومبر سے اسلام آباد میں چار روزہ ٹرائلز کا اعلان کردیا، دوسری جانب پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نیان ٹرائلز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اپنے تمام ملحقہ یونٹس کو موقف کی پابندی کرنے کی ہدایت کر دی۔گیمز کی ایتھلیٹکس کمیٹی نے ٹرائلز کے ذریعے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے قومی تربیتی کیمپ میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ قومی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اسے ورلڈ ایتھلیٹکس اور ایشین ایتھلیٹکس کی جانب سے تسلیم شدہ اور مجاز ہونے کے ناطے ملک میں مردوں اور خواتین کی ایتھلیٹکس کے انتظام و انصرام اور نگرانی کے خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔آئین کے تحت پاکستان میں اور بیرونِ ملک منعقد ہونے والے ایتھلیٹکس پروگراموں اور مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا انتخاب کرنا فیڈریشن کی ذمہ داری ہے۔




